ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے واجبات کے حوالے سے خیبر پختونخوا کا موقف قبول کر لیا ہے اور ایک سال کے اندر 37 ارب روپے ادا کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نیٹ ہائیڈل پرافٹ کے حوالے سے خیبرپختونخوا کا دیرینہ مطالبہ تسلیم کر لیا گیا ہے، دو سال سے زیر التوا تنازعہ کو حل کر لیا گیا ہے۔
وزارت خزانہ کے ذرائع نے تصدیق کی کہ وفاقی حکومت اب خالص ہائیڈل منافع کے لیے گزشتہ ڈیڑھ ارب روپے کی بجائے 3 ارب روپے ماہانہ ادا کرنے کو تیار ہے۔گزشتہ دو سالوں سے، وفاقی حکومت اور خیبر پختونخوا کے درمیان خالص ہائیڈل منافع کے واجبات کے پر اختلافات چل رہے تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کے مشیر خزانہ مزمل اسلم نے اس معاملے پر وفاقی سیکرٹری توانائی اور سیکرٹری خزانہ سے وسیع مذاکرات کئے۔
ذرائع کے مطابق، مشترکہ مفادات کونسل نے وفاقی حکومت اور خیبرپختونخوا کے درمیان تنازع کے حل میں بھی اہم کردار ادا کیا۔
اس سے قبل، خیبرپختونخوا کے وزیر اعلی علی امین گنڈا پور نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کے اجلاس میں کے پی کے مطالبات پیش کیے اور وفاقی حکومت سے کہا کہ وہ صوبے کو واجبات ادا کرے۔
پی کے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان کی حکومت صوبے کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی اور کسی کو "غیر مناسب فائدہ” اٹھانے کی اجازت نہیں دے گی۔