پاکستان میں تعینات ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نےکہا ہےکہ اسلام آباد میں ہوئے امریکہ ایران مذاکرات نے ایک سفارتی عمل کی بنیاد رکھی ہے، اسلام آباد مذاکرات ایک واقعہ نہیں بلکہ ایک مسلسل عمل ہے، برادر اور دوست ملک پاکستان کا خصوصاً وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیرکا تہہ دل سے شکر گزار ہوں ۔
اسلام آباد: اپنے ایک بیان میں ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے کہا کہ اگر باہمی اعتماد اور ارادہ مضبوط کیا جائے تو یہ عمل فریقین کے مفادات کے لیے پائیدار فریم ورک تشکیل دے سکتا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ایران برادر اور دوست ملک پاکستان کا خصوصاً وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیرکا تہہ دل سے شکر گزار ہوں جنہوں نے خیرسگالی اور سہولتکاری کے جذبے کے تحت ان مذاکرات کے انعقاد میں اہم کردار ادا کیا ۔
ایرانی سفیر نے پاکستانی حکومت، فوج، پولیس اور سکیورٹی اداروں سمیت تمام شعبوں کی انتھک کوششوں کو بھی سراہا جس کے باعث یہ مذاکرات ایک باوقار اور موزوں ماحول میں منعقد ہوئے ۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران کی اعلیٰ سطح مذاکراتی ٹیم نے وقار، خود اعتمادی اور اللہ تعالیٰ پر ایمان کے ساتھ اور عوام کے خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے عظیم ایرانی قوم کے لیے باوقار انداز میں مذاکرات کیے تاکہ قومی مفادات اور عوام کے جائز حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے ۔

