پشاور میں وزیراعلیٰ سے مذاکرات کی کامیابی کے بعد بلدیاتی نمائندوں نے احتجاج ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
پشاور میں خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں کے بلدیاتی نمائندوں نے فنڈز کی عدم دستیابی اور اختیارات نہ ہونے کے خلاف احتجاج کیا۔احتجاج میں بلدیاتی نمائندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
احتجاج کے موقع پر پشاور پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے شیلنگ بھی کی۔
شدید احتجاج کے بعد بلدیاتی نمائندوں کے وفد نے وزیراعلیٰ سے کامیاب مذاکرات کئے جس کے بعد بلدیاتی نمائندوں نے احتجاج ختم کرنے کا اعلان کیا۔
پشاور کے میئر حاجی زبیر علی نے کہا کہ بلدیاتی نمائندوں کے وزیر اعلیٰ سے مذاکرات کامیاب ہو گئے ہیں، وزیر اعلیٰ نے تمام یونین کونسلوں کے لیے نقد فنڈ کا اعلان کیا ہے۔
حاجی زبیر علی نے کہا کہ یہ رقوم ایک ہفتے میں منتقل کی جائیں گی ۔
پشاور کے میئر کا یہ بھی کہنا تھا کہ بلدیاتی نمائندوں کے اختیارات انتظامیہ کو منتقل کرنے کا نوٹیفکیشن بھی منسوخ کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ بلدیاتی نمائندوں کے دیگر تمام مطالبات بھی تسلیم کر لیے گئے ہیں۔