کے پی حکومت کی پانچویں اور آخری خصوصی پرواز بشکیک سے طلبہ کو لے کر پشاور ائیر پورٹ پر پہنچ گئی ہے۔ اس پرواز میں طلبہ سمیت 287افراد بھی شامل تھے۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے خود پشاور ائیر پورٹ پر جاکر طلبہ کا استقبال کیا،اس موقع پر صوبائی کابینہ اراکین اور ممبران قومی و صوبائی اسمبلی بھی موجود تھے۔وطن واپس پہنچنے پر خوشی میں طلبہ نے وزیراعیٰ علی امین زندہ باد اور پی ٹی آئی زندہ باد کے پر زور نعرے بھی لگائے۔
واضح رہے کہ خیبر پختونخوا حکومت کی پانچ خصوصی پروازوں کے ذریعے طلبہ سمیت تقریباً 1500افراد کو وطن واپس لایا گیا ہے۔ان پانچ خصوصی پروازوں پراب تک 14 کروڑ روپے سے زائد لاگت آگئی ہے،ان طلبہ میں خیبر پختونخوا کے علاوہ پنجاب، سندھ اور آزاد کشمیر کے طلبہ بھی شامل ہیں۔صوبائی حکومت کی جانب سے ان تمام طلبہ کو اپنے اپنے علاقوں تک پہنچانے کے لئے ٹرانسپورٹ کا بھی خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔