امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ اسلام کے نام پر بننے والی ریاست میں عوام عدل اور انصاف سے محروم ہے،قوم کو متحدکرکے ہم کو ایک ملت بنانا پڑے گا ۔
ضلع مردان کی تحصیل تخت بھائی کے علاقہ شیرگڑھ میں ختم بخاری شریف کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ ریاست اور نظام نہ ہونے کی وجہ سے ملک میں سرمایہ دارانہ اورسیکولر نظام قائم ہے،ریاست پرقابض حکمران اور اشرافیہ آئین کے مطابق کام نہیں کررہے ،عوام سے ٹیکس تو لیےجاتے ہیں مگرریاست انکو تحفظ فراہم نہیں کرسکتی ۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں قوم کو متحدکرکےایک ملت بنانا پڑے گی ، عوامی طاقت سے ہی بنگلہ دیش میں ظالم حکمرانوں کا خاتمہ ممکن ہوا ۔
امیر جماعت اسلامی نے اپنے خطاب میں کہا کہ بڑے کاشتکار ،صنعت کار، سرمایہ دار اور بیوروکریٹس چھوٹے کاشتکار اور غریبوں کا استحصال کررہے ہیں ۔
انکا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی اقتدار میں آکر خواتین کو وراثت میں حصہ دینے کو لازمی بنائے گی،خواتین کو تحفظ اور عزت فراہم کرنا جماعت اسلامی کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔