صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ عوام کی مشکلات میں کمی ہو رہی ہے اور ملک کے معاشی اشاریے بہتری کی طرف جارہے ہیں ۔
لاہور میں سابق گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود کی جانب سے صدر آصف زرداری کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا، اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ چین کا دورہ کامیاب رہا ہے، پیپلز پارٹی نے سی پیک کی بنیاد رکھی اور ہم اسے کامیاب بھی بنائیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان خطے کی ترقی کے لیے مشترکہ اقدامات کر رہے ہیں، چینی کمپنیاں پاکستان میں فیکٹریاں لگائیں گی، چین کی ہمارے خطے میں خاص دلچسپی ہے ۔
صدر مملکت نے مزید کہا کہ سندھ حکومت نے صحت اور تعلیم کی جانب خاص توجہ دی ہے، صوبے میں بہترین ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں سے عوام مستفید ہو رہے ہیں، سندھ حکومت عوام کی بھرپور خدمت کر رہی ہے ۔