الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبرپختونخوا میں سینیٹ کی 12 نشستوں پر پولنگ کی تاریخ کا شیڈول جاری کردیا ، کمیشن نے مخصوص نشستوں کے اراکین کی حلف برداری کیلئے بھی سپیکر قومی و صوبائی اسمبلیوں کو خط ارسال کر دیئے گئے ۔
اسلام آباد: الیکشن کمیشن کے مطابق خیبر پختوانخوا اسمبلی میں سینیٹ کی نشستوں کیلئے پولنگ 21 جولائی کو ہوگی، 7 جنرل، 2 خواتین اور 2 دیگر نشستوں پر سینیٹ الیکشن ہو گا ۔
سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید نے سیکرٹری خیبر پختونخوا اسمبلی کو خط میں کہاکہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا سے خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں پر نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے اور اب امیدواروں کا آئین کے مطابق حلف ہونا ہے ۔
خط میں کہا گیا ہے کہ سیکرٹری خیبر پختونخوا اسمبلی ممبران کے حلف کیلئے جلدی انتظامات کریں تاکہ خیبر پختونخوا کی سینیٹ نشستوں پر الیکشن 21 جولائی کو کرایا جا سکے ۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے سینیٹر ثانیہ نشتر کے استعفے کے بعد ان کی خالی نشست پر بھی الیکشن شیڈیول کا اعلان کیا، پولنگ 31 جولائی کو ہو گی ۔
سینیٹر ساجد میر کی وفات سے پنجاب سے سینیٹ کی خالی نشست پر پولنگ 21 جولائی کو ہو گی ۔
اُدھر الیکشن کمیشن نے 2جولائی 2025 کو مخصوص نشستوں پر جن ممبران قومی اور صوبائی اسمبلی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، ان کی حلف برداری کیلئے بھی سپیکر قومی و صوبائی اسمبلیوں کو خط ارسال کر دیے ۔
الیکشن کمیشن نے کہا کہ ارکان سے حلف لیا جائے تاکہ وہ اپنی ذمہ داریاں سنبھال سکیں اور خیبر پختونخوا اور پنجاب کے سینٹ الیکشن میں ووٹ کاسٹ کر سکیں ۔