گورنر ہائوس کے پی میں آل پارٹیز کانفرنس سے ابتدائی خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ آج کی اے پی سی کا انعقاد انتہائی ضروری تھا، اصولی طور پر یہ اے پی سی صوبائی حکومت کو بلانی چاہیے تھی، لیکن وہ ایسا نہیں کرسکے تو ہم خاموش نہیں بیٹھ سکتے تھے۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا کچھ عرصے سے بد امنی کا شکار ہے، ہم صوبے میں امن اور وسائل کے حوالے سے متفقہ لائحہ عمل وضع کرنا چاہتے ہیں، صوبائی حکومت کا پرفارمنس آڈٹ ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ آج کی اے پی سی کے ذریعے کیے جانے والے فیصلوں سے ہم وفاق اور صوبائی حکومت کو بھی آگاہ کریں گے، ان سے درخواست ہوگی کہ صوبے کی سیاسی نمائندہ جماعتوں کی تجاویز پر عمل درآمد کریں۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا سیاست کو سیاست تک محدود رکھنا چاہیے، جب صوبے میں امن و امان یا وسائل کی بہتری کی بات ہو تو ہمیں صوبے کی بہتری کے لیے متحد ہوجانا چاہیے، تاکہ ایک متفقہ پیغام دیا جاسکے۔
گورنر کا کہنا تھا کہ آج کانفرنس میں سیاسی قائدین کی موجودگی نے ثابت کیا کہ صوبہ کے مسائل و حقوق پر ہم سب یکجا ہیں، اس کانفرنس کا اعلامیہ صوبائی اسمبلی میں ارکان اسمبلی پیش کریں گے ۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ کانفرنس کا اعلامیہ و تجاویز وفاقی حکومت کو ارسال کی جائیں گی ۔