سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے چھٹے میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے بعد 6 رنز سے شکست دے کر ایونٹ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا، 185 رنز ہدف کے جواب میں قومی ٹیم نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے، سری لنکا کے دشمانتھا چمیرا کو شاندار باؤلنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، ایونٹ کا فائنل ہفتہ 29 نومبر کو پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جائے گا ۔
راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے چھٹے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ۔
سری لنکا نے مقررہ اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 184 رنز بنائے، جس میں کامل مشرا نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 76 رنز بنائے، کوسال مینڈس 40 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔
پاکستان کی جانب سے ابرار احمد نے دو، سلمان مرزا اور صائم ایوب نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی ۔
مقررہ ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے اور جاری ایونٹ میں پہلی شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔
پاکستان کی جانب سے سلمان آغا نے سب سے زیادہ 63 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے، عثمان خان نے 33، صائم ایوب 27، محمد نواز بھی 27، صاحبزادہ فرحان 9، بابر اعظم 0، فخر زمان نے 1 اور فہیم اشرف نے 7 رنز بنائے ۔
سری لنکا کی جانب سے دشمانتھا چمیرا نے شاندار بولنگ کی اور انہیں چار وکٹیں لینے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا ۔
یہ میچ جیت کر سری لنکا نے سہ فریقی سیریز کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا اور زمبابوے فائنل سے باہر ہو گیا، ایونٹ کا فائنل ہفتہ 29 نومبر کو راولپنڈی سٹیڈیم میں ہی پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جائے گا ۔

