پشاور: امریکہ سے تعلق رکھنے والے 34 رکنی سکھ کمیونٹی کے وفد نے خیبر پختونخوا کے تاریخی اور مذہبی مقامات کا دورہ کیا، جس میں ضلع خیبر میں واقع جمرود فورٹ اور پشاور کے گردوارہ بھائی جوگا سنگھ شامل ہیں۔ وفد نے دورے کے انعقاد پر حکومت پاکستان اور پاک فوج کا شکریہ ادا کیا اور اپنی خوشی کا اظہار کیا۔
وفد کو جمرود فورٹ کی تاریخی اہمیت اور مہاراجہ رنجیت سنگھ کے سپہ سالار ہری سنگھ نلوا کے دور میں اس کے کردار کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔ سکھ وفد نے جمرود فورٹ میں موجود سکھ دور کی یادگار کا معائنہ کیا اور اس کی حفاظت اور تزئین و آرائش پر خوشی کا اظہار کیا۔
بعد ازاں وفد نے گردوارہ بھائی جوگا سنگھ پشاور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مذہبی رسومات ادا کیں اور گردوارے کی دیکھ بھال پر انتظامیہ کو سراہا۔
شرکاء نے کہا کہ پاکستان میں تاریخی مقامات کی زیارت اور خاص طور پر سکھ مذہب سے جڑی جگہوں کی دیکھ بھال دیکھ کر انہیں دلی خوشی ہوئی ہے۔ انہوں نے پاک فوج، فرنٹیئر کور نارتھ اور دیگر منتظمین کی میزبانی اور انتظامات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی ایسے دورے جاری رہیں گے۔
یہ دورہ نہ صرف مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگا بلکہ پاکستان میں سکھ برادری کے تاریخی ورثے کی حفاظت اور اسے عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے ایک اہم سنگ میل بھی ثابت ہوگا۔