دفتر خارجہ نے بھارت میں کرسمس پر توڑ پھوڑ کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت میں اقلیتوں پر ظلم و ستم نہایت تشویشناک امر ہے، کرسمس کے موقع پر ایسے واقعات ریاستی سرپرستی میں ہوئے ۔
اسلام آباد: دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ بھارت میں کرسمس کے موقع پر توڑ پھوڑ کے واقعات کی مذمت کرتے ہیں، کرسمس کے موقع پر ایسے واقعات ریاستی سرپرستی میں ہوئے ۔
انہوں نے کہا کہ بھارت میں ریاستی سرپرستی میں مسلمانوں کو بھی نشانہ بنایا جارہا ہے، بھارت میں مسلمانوں کے گھروں کو مسمار کیا جارہا ہےان تمام واقعات سے مسلمانوں میں خوف اور بیگانگی کا احساس مزید گہرا ہوا ہے ۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ عالمی برادری کو اقلیتوں پر ظلم و ستم کے واقعات کا نوٹس لینا چاہئے، عالمی برادری بھارت میں اقلیتوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کیلئے مناسب اقدامات کرے ۔
خیال رہے کہ بھارتی میڈیا نے رپورٹ کیا تھا کہ 25 دسمبر کو بھارت کے مختلف حصوں میں کرسمس کی تقریبات کو ہندوتوا سے منسلک انتہا پسند عناصر کی جانب سے نشانہ بنایا گیا، متعدد مقامات پر مسیحی برادری کی مذہبی تقریبات میں مداخلت کی گئی اور سجاوٹ کو نقصان پہنچایا گیا ۔
واضح رہے کہ ساؤتھ ایشیا ٹائمز کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت کی مختلف ریاستوں میں واقع سینٹ میری سکول میں توڑ پھوڑ کی گئی جبکہ پانیگاؤں میں بجرنگ دل اور وشو ہندو پریشد سے منسلک افراد پر تشدد اور ہنگامہ آرائی کے الزامات سامنے آئے ہیں ۔

