ویسٹ انڈیز نے تیسرے ون ڈے میچ میں میں پاکستانی ٹیم کو 202 رنز شکست دیکر سیریز دو ایک سے جیت لی، ویسٹ انڈیز کے 297 رنز ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم صرف 92 رنز پر ڈھیر ہو گئی ۔
تروبا میں کھیلے گئے 3 میچز کی سیریز کے آخری اور فیصلہ کن میچ میں پاکستان نے تاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی،میزبان ٹیم نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹ کے نقصان پر 296 رنز بنائے ۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے کپتان شائے ہوپ نے شاندار اور جارحانہ 120 رنز سکور کئے ، جسٹن گریوز 43، ایون لیوس 37 اور روسٹن چیز 36 رنز بناکر نمایاں بلے باز رہے ۔
پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ، ابرار احمد نے دو، دو جبکہ صائم ایوب اور محمد نواز نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی ۔
مقررہ ہدف کے تعاقب میں پوری قومی ٹیم 30ویں اوور میں صرف 92 رنز پر ڈھیر ہوگئی، اور یوں میزبان ٹیم نے نہ صرف میچ میں بڑے مارجن سے کامیابی حاصل کی بلکہ سیریز بھی دو ایک سے اپنے نام کرلی ۔
پاکستان کی جانب سے 5 کھلاڑی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے ،سلمان آغا نے سب سے زیادہ 30، محمد نواز 23، حسن نواز13، بابراعظم 9، نسیم شاہ 6 رنز بنا سکے ۔
صائم ایوب، عبداللہ شفیق ، کپتان محمد رضوان، حسن علی اور ابرار احمد بغیر کوئی رن بنائے آوٹ ہو گئے ، ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیڈن سیلز نے 6 اور گودا کیش موتی نے دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ۔
شاندار 120 رنز بنانے پر ویسٹ انڈیز کے کپتان شائے ہوپ میچ اور جیڈن سیلز 10 وکٹیں لینے پر سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے ۔