ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کے ہائی وولٹیج میچ میں بھارتی ویمنز ٹیم نے پاکستان کو بآسانی 88 رنز سے شکست دیدی، بھارت کے 248 رنز ہدف کے جواب میں پاکستانی وویمن ٹیم 159 رنز پر ڈھیرہو گئی ۔
کولمبو سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے یٹنگ کی دعوت دی،بھارت نے مقررہ اوور میں 247 رنز بنائے ۔
بھارتی ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ ہرلین دیول 46 رنز بنا سکی، پراتیکا راول اور سمرتی مندھانا نے بالترتیب 31 اور 23 رنز بنائے ۔
قومی ویمنز ٹیم کی جانب سے ڈیانا بیگ نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ سعدیہ اقبال ، فاطمہ ثنا نے 2،2 اور رامین شمیم، نشرا سندھو نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔
248 رنز ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 43 اوورز میں 159 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، ٹاپ آرڈر بیٹر سدرہ امین کی 81 رنز کی اننگز بھی پاکستان کو شکست سے نہ بچا سکی ۔
نتالیہ پرویز 33 رنز بنا کر نمایاں رہیں تاہم پاکستان ٹیم کی دیگر بیٹرز خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں بُری طرح ناکام رہیں، وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کے باعث قومی ٹیم 43ویں اوور میں 159 رنز پر ہی ڈھیر ہو گئی ۔
بھارت کی جانب سے دیپتی شرما اور کرانتی نے 3،3 وکٹیں اپنے نام کیں جب کہ سنہ رانا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، واضح رہے کہ پاکستان کو ایونٹ کے پہلے میچ میں بنگلہ دیش کے ہاتھوں 5 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔