خیبر میں طور خم سرحدی گزر گاہ کے قریب ایکسپورٹ روڈ پر پہاڑی تودہ گرنے سے متعدد کنٹینرز اور مال بردارگاڑیاں ملبے تلے دب گئیں، اس دوران کارگو گاڑیوں میں آگ بھی بھڑک اٹھی ۔ پولیس کے مطابق طورخم ایکسپورٹ روڈ پر پہاڑی تودہ اچانک گرگیا جس کے باعث ایکسپورٹ روڈ پر موجود ایک درجن سے زائد مال بردار گاڑیاں ملبے تلے دب گئیں۔ اس دوران مال بردار گاڑیوں میں اچانک آگ بھی بھڑک اٹھی اور اس وقت ایک درجن سے زائد گاڑیاں آگ کی لپیٹ میں آگئیں۔ ایس ایچ او عشرت علی کے مطابق پہاڑی تودہ گرتے وقت گاڑیوں میں ڈرائیورز بھی موجود تھے جس کے باعث ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔
ڈپٹی کمشنر عبدالناصرخان کا کہنا ہے کہ ملبہ ہٹانے اور آگ بجھانے کی کوششیں جاری ہیں، بھاری مشینری اور ریسکیو عملہ کارروائی میں حصہ لے رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 10 سےزائد مال بردار گاڑیاں پہاڑی تودے تلے دب گئی ہیں، ملبہ ہٹانے تک اصل نقصانات کا اندازہ قبل از وقت ہوگا،ملبے تلے دب جانے والی گاڑیوں میں عملہ بھی موجود ہے۔