قطر میں جاری فیفا ورلڈکپ کے دوسرے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن فرانس نے مراکش کو شکست دے کر اس کا فائنل میں پہنچنےکا خواب چکنا چور کردیا۔ فرانس نےسیمی فائنل میں مراکش کو دو صفر سے ہرا دیا۔
البیت اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں فرانس کی ٹیم نے پانچویں منٹ میں ہی برتری حاصل کرلی، یہ گول ہرنانڈس نے اسکور کیا، اس گول کے بعد مراکش کی ٹیم نے حریف ٹیم پر حملے بڑھائے مگر اُن کے کھلاڑی اسکور نہ کرسکے ، وقفے تک مقابلہ ایک صفر تھا۔
دوسرے ہاف میں مراکش نے حکمت عملی تبدیلی کی اور اٹیکنگ گیم کھیلا ، گول کرنے کے متعدد مواقع ملنے کے باوجود وہ خسارہ پورا نہ کرسکے ، اسی اثنا میں 79ویں منٹ میں کولو موآنی نے گول کرکے فرانس کی برتری دو صفر کردی۔ مراکش نے آخری چند منٹوں میں تابڑ توڑ حملے کیے مگر ناکام رہے اور میچ دوصفر سے فرانس کی جیت پر ختم ہوا۔
سیمی فائنل دیکھنے کے لیے فرانسیسی صدر بھی میدان میں موجود تھے،فتح پر پیرس سمیت فرانس بھر میں جشن شروع ہوگیا۔ دوسری جانب ٹیم کی شکست پر مراکش کے مداحوں کے دل ٹوٹ گئے،دارالحکومت کاسا بلانکا میں لڑکیاں پھوٹ پھوٹ کے روپڑیں۔
واضح رہے کہ فرانس چوتھی بار فیفا ورلڈکپ کے فائنل میں پہنچا ہے، فرانس 1998 اور 2018 میں ورلڈکپ کا ٹائٹل اپنے نام کرچکا ہے۔ فٹبال ورلڈکپ کا فائنل اتوارکو دفاعی چیمپئن فرانس اور ارجنٹائن کے درمیان ہوگا۔