Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

انگلینڈ نےنیوزی لینڈ کو شکست دے کر ورلڈکپ 2019جیت لیا

لارڈز: انگلینڈ نےاعصاب شکن مقابلے کے بعد نیوزی لینڈ کو شکست دے کر پہلی بار ورلڈکپ جیت لیا۔

لارڈز کے تاریخی میدان پر کھیلے گئے ورلڈکپ کےفائنل میں نئی تاریخ رقم ہوگئی،عالمی کپ کی تاریخ میں پہلی بار فیصلہ کن معرکہ ٹائی رہا اور ونر کےلیے سپر اوور دیاگیا،دونوں ٹیموں نے سپر اوور میں 15،15 رنز بنائے اور اسکور برابر ہوگیا تاہم زیادہ باؤنڈریز کی وجہ سے انگلینڈ کو فاتح قرار دیا گیا۔

نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹ کے نقصان پر 241 رنز بنائے، کیوی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز مارٹن گپٹل اور نکولس ہینری نے کیا، دونوں بلے بازوں نے محتاط انداز میں اننگز کو آگے بڑھایا تاہم وہ بڑی شراکت داری قائم نہ کر سکے اور 29 کے مجموعے پر اوپننگ جوڑی ٹوٹ گئی، آؤٹ آف فام مارٹن گپٹل فائنل میں بھی خاطر خواہ کارکردگی پیش نہ کر سکے اور صرف 19 رنز پر ہی چلتے بنے۔

ون ڈاون آنے والےکین ولیمسن اور اوپنر نکولس ہینری کےدرمیان 74رنز کی شراکت قائم ہوئی تاہم کپتان ولیمسن3رنز بناکر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوگئے جبکہ روس ٹیلرصرف15رنز کےمہمان ثابت ہوئے اور نکولس بھی 55 رنز پر ہمت ہار گئے۔

کیوی ٹیم کے دونوں آل راؤنڈرز اہم میچ میں بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے، جمی نیشام 19رنز بناکر پویلین لوٹے اور کولن ڈی گرانڈ 16 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ وکٹ کیپر بیٹسمین ٹام لیتھم 47 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ انگلینڈ کی جانب سے لیام پلنکٹ اور کرس ووکس نے 3،3 جب کہ جوفرا آرچر اور مارک ووڈ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

نیوزی لینڈ کے 242 رنز کے تعاقب میں انگلش ٹیم کی جانب سے جیسن روئے اور بیرسٹو پر مشتمل اوپننگ جوڑی نے اننگز کا آغاز کیا تو پہلی وکٹ 28 رنز پر گر گئی، سیمی فائنل میں جارحانہ بیٹنگ سے ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کرنے والے جیسن روئے فائنل میں ناکام رہے اور 17 رنز بنا کر چلتے بنے جبکہ 59 کے مجموعے پرجوئے روٹ کیچ آؤٹ ہوئے،انہوں نے 7 رنز بنائے۔71 کے مجموعی اسکور پر بیرسٹو بولڈ ہوگئے، وہ 36رنز بنا سکے جبکہ کپتان مورگن بھی ٹیم کو مشکلات میں چھوڑ گئے اور 9 رنز بنا کر چلتے بنے۔

پانچویں وکٹ پر بین اسٹوک اور بٹلر نےذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے110رنزکی قیمتی پارٹنرشپ قائم کر کےٹیم کو میچ واپس لائے، بٹلر 196 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ گئے جس کےبعد ایک طرف سےوکٹیں گرتی رہیں تودوسرے اینڈ پربین اسٹوک ڈٹ کر مقابلہ کرتے رہے، انگلینڈ کو آخری اوورمیں جیت کےلیے15رنز درکار تھے، بین اسٹوک نے شاندار بیٹنگ کرتےہوئےچھکا لگایا اوراگلی ہی گیند پربین اسٹوک نے2رنز بنائے تاہم فیلڈر نےتھرو کیا اورگیند باؤنڈری پارکر گئی جس سےانگلینڈ کو 4 اضافی رنز مل گئے۔میزبان ٹیم کو آخری گیند پرجیت کےلیے2درکارتھےلیکن دوسرارن بناتےہوئے ووڈ رن آؤٹ ہوگئےاوریوں میچ برابر ہوگیا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے فرگوسن اور جمی نیشن نے 3،3 جب کہ گرینڈ ہوم اور ہنری نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ونر کےلیےسپر اووردیا گیاتوانگلینڈ نےبغیرکسی نقصان کے15رنز بنائے جسکےجواب میں نیوزی لینڈ نےبھی15رنزبنائےتاہم  زیادہ باؤنڈریز کی وجہ سے انگلینڈ کو فاتح قراردیا گیا۔میچ وننگ اننگز کھیلے پر بین اسٹوک فائنل کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.