Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

وزیراعظم عمران خان کی چینی صدر سے ملاقات، باہمی تعلقات پر تبادلہ خیال

وزیراعظم عمران خان نے بیجنگ میں چین کے صدرشی جن پنگ سے ملاقات کی جس میں دونوں رہنماؤں نے مجموعی دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق دونوں ممالک کے وفود کے ہمراہ ہونے والی ملاقات میں وزیر اعظم نے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 74 ویں اجلاس میں مسئلہ کشمیر پر پیش کردہ موقف پر چینی صدر کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر میں 2 ماہ سے زائد جاری لاک ڈاؤن کے خاتمے پر زور دیا۔

انہوں نے بالخصوص چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کے موقف کا تذکرہ کیا جو انہوں نے اقوامِ متحدہ میں پیش کیا اور کہا کہ آپ نے ہر جگہ اور ہر مشکل میں پاکستان کا ساتھ دیا۔

وزیراعظم نے ایک مرتبہ پھر اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبوں کی بروقت تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ وزیراعظم عمران خان نے چینی صدر کو چین کی آزادی کے 70 سال مکمل ہونے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی سدا بہار ہے، علاوہ ازیں وزیراعظم نے بھرپور خیر مقدم کرنے پر بھی صدر شی جنگ پنگ کا شکریہ ادا کیا۔

دورانِ ملاقات چینی صدر نے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان اور چین کے تعلقات کے حوالے سے بات کرنے پر وزیراعظم کی تعریف کی۔

اس موقع پر صدر شی جنگ پنگ نے پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور اہم قومی مفادا کے لیے چین کی دیرینہ حمایت کا اعادہ کیا. انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چین کے پاکستان کے ساتھ تعلقات مضبوط چٹان کی مانند ہیں جو مستقبل میں مزید وسعت پائیں گے.

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.