Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

افریقی ملک بوٹسوانا میں شیروں سے جان بچاتے 400 بھینسیں ڈوب کر ہلاک

گیبرونی: افریقی ملک بوٹسوانا اور نیمبیا کے درمیان واقع دریا میں ڈوب کر سینکڑوں بھینسیں ہلاک ہوگئیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بوٹسوانا کے حکام نے جمعہ کو بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق بظاہر شیر بھینسوں کے اس ریوڑھ کا پیچھا کر رہے تھے جس کی وجہ سے یہ بھاگتی ہوئی دریا میں جا اتریں۔
بوٹسوانا کے حکام کے مطابق اندازاً 400 بھینسیں ڈوب کر ہلاک ہوگئی ہیں۔
ایک مقامی شخص کا کہنا تھا کہ ایسا معلوم ہوتا تھا کہ یہ بھینسیں وہاں پھنس گئی تھیں کیونکہ دریا کا دوسرا کنارہ اونچا تھا اور وہ اس پر چڑھ نہیں سکیں اور بھگدڑ کا شکار ہو گئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ انھوں نے کبھی اتنی بڑی تعداد میں بھینسوں کو ڈوبتے نہیں دیکھا۔
ایک اور مقامی شخص سائمن میچیلٹی کے مطابق یہ ریوڑھ غیر معمولی طور پر کافی بڑا تھا جس میں کم از کم 1000 بھینسیں تھیں۔
سائمن نے بتایا کہ انھوں نے منگل کی رات شیروں کے دھاڑنے کی آوازیں سنی تھیں اور جب بدھ کی صبح وہ دریا پر گئے تو انھوں نے سینکڑوں بھینسوں کو مرے ہوئے پایا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ منگل کی رات مطلع ابر آلود تھا اس لیے چاندنی کی عدم موجودگی میں بھینسوں کو کچھ نظر بھی نہیں آیا۔
سائمن کا کہنا تھا کے مقامی لوگوں نے ان بھینسوں کو کھانے کی غرض سے دریا سے نکال لیا ہے تاہم حکام نے انہیں اس بات کی اجازت نہیں دی تھی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.