اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) الیکشن کمیشن نے وفاق اور سندھ حکومت کی درخواستیں مسترد کرتے ہوئے کرم کے سوا ملک بھر میں ضمنی اور کراچی میں بلدیاتی الیکشن اپنے مقررہ وقت پر کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کا اہم اجلاس آج چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ممبران الیکشن کمیشن کے علاوہ سیکریٹری الیکشن کمیشن، سیکریٹری وزارت داخلہ، دفاع، چیف سیکریٹری اور آئی جی صاحبان پنجاب، خیبر پختونخوا اور سندھ نے شرکت کی۔ علاوہ ازیں ایم او ڈائریکٹوریٹ اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے نمائندگان اور الیکشن کمیشن کے سینئر افسران بھی اجلاس میں موجود تھے۔
چیف الیکشن کمشنر نے ضمنی انتخابات اور کراچی ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات کے پُرامن انعقاد کی اہمیت پر زور دیا۔ سیکریٹری الیکشن کمیشن نے اجلاس کو بریفنگ میں کہا کہ الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے 9، صوبائی اسمبلی کے تین اور کراچی ڈویژن کے تمام اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلہ کے لیے تمام انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔
سیکریٹری الیکشن کمیشن نے اجلاس کو بتایا کہ ادارہ الیکشن کے انعقاد کے لیے تیار ہے بہرحال صوبائی حکومتوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکیورٹی کے دیگر اداروں کی ان انتخابات میں اپنی خدمات سرانجام دینے کے حوالے سے ان کا موقف درکار ہے تاکہ انتخابات کا پُرامن انعقاد اور دوٹروں کو پولنگ کے دن پرامن ماحول کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔
اجلاس میں سیکریٹری وزارت داخلہ، دفاع، چیف سیکریٹریز، آئی جیز اور سیکیورٹی کے دیگر اداروں کے نمائندوں نے میٹنگ میں اپنا اپنا موقف پیش کیا۔
الیکشن کمیشن نے تمام افسران و نمائندگان کا موقف سننے کے بعد وزارت داخلہ کی جانب سے 90 روز کے لیے ضمنی الیکشن ملتوی کیے جانے کی استدعا کو مسترد کرتے ہوئے فیصلہ کیا کہ قومی اسمبلی کی 8 اور پنجاب اسمبلی کی 3 نشستوں پر ضمنی انتخابات شیڈول کے مطابق یعنی 16 اکتوبر کو ہوں گے۔
فیصلہ کیا گیا کہ این اے 45 ضلع کرم کا انتخاب مقررہ تاریخ یعنی 16 اکتوبر 2022ء کو نہیں ہوگا یہاں پر انتخاب کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ اسی طرح کراچی ڈویژن کے تمام اضلاع میں دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات بھی شیڈول کے مطابق 23 اکتوبر 2022ء کو ہوں گے۔