Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

تحریک انصاف نے یوسف رضا گیلانی کی نااہلی کی درخواست دائر کردی

الیکشن کمیشن نے علی حیدر گیلانی کی ویڈیو کا نوٹس لے لیا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی نااہلی کی درخواست دائر کردی۔ تحریک انصاف کے فرخ حبیب اور کنول شوزب کی جانب سے درخواست دائر کی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ یوسف رضا گیلانی انتخابی عمل میں کرپشن کے مرتکب ہوئے ہیں۔

درخواست کے مطابق یوسف رضا گیلانی کے بیٹے نے ان کی جانب سے ارکان اسمبلی کو ووٹ ضائع کرنے کاطریقہ سمجھایا، علی حیدر گیلانی نے پریس کانفرنس میں اعتراف جرم کیا لہٰذا یوسف رضا گیلانی کو نااہل قرار دیا جائے۔ خیال رہے کہ پاکستان کے ایوان بالا (سینیٹ) کے انتخابات میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے اسلام آباد سے امیدوار یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کی ووٹ ضائع کرنے کا طریقہ بتانے کی ویڈیو منظرعام پر آئی ہے۔

ویڈیو میں علی حیدر گیلانی مبینہ طور پر ایک رکن کو ووٹ ضائع کرنے کا طریقہ بتا رہے ہیں جبکہ یہ واضح بھی نہیں کہ ویڈیو میں موجود افراد کون ہیں۔ علی حیدر گیلانی کا اپنی ووٹ ضائع کرنے سے متعلق ویڈیو پر موقف سامنے آیا ہے جس کے مطابق ہم سے تحریک انصاف کے کچھ ارکان اسمبلی نے رابطہ کیا تھا جن کا کہنا تھا کہ وہ حفیظ شیخ کے بجائے یوسف رضا گیلانی کو ووٹ دینا چاہتے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے بھی علی حیدر گیلانی کی ویڈیو کا نوٹس لے لیا ہے۔  ترجمان کا کہنا ہے کہ  ویڈیو کی میرٹ پر تحقیقات ہوں گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.