Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

خیبر پختونخوا کابینہ نے اپر چترال کو الگ ضلع کا درجہ دینے کی منظوری دیدی

خیبر پختونخوا کابینہ نے اپر چترال کو الگ ضلع کا درجہ دینے کی منظوری دیدی۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں چترال کو باقاعدہ دو اضلاع میں تقسیم کرنے اور صوبہ بھر میں ایک ارب پودے لگانے کی منظوری کے علاوہ سرکاری نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی نیلامی، چائلڈ پروٹیکشن ایکٹ اور فارسٹ آرڈیننس میں ترامیم جیسے اہم فیصلے بھی کیے گئے۔

اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا کہ اجلاس میں موجودہ ضلع چترال کو 2 اضلاع میں تقسیم کرنے کی منظوری دی گئی اپر چترال جہاں اب الگ ضلع ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے چائلڈ پروٹیکشن ایکٹ میں ترمیم کی منظوری دی ہے جس کے تحت گھریلو تشدد کے خاتمہ کیلئے بھی سزاؤں کا تعین کر دیا گیا ہے جبکہ سیاحت کے فروغ کیلئے فارسٹ آرڈیننس میں بھی ترمیم کی جائے گی۔ صوبائی وزیراطلاعات نے اعلان کیا کہ صوبائی حکومت کی ملکیتی نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کو نیلام کیا جائے گا جبکہ دفتری اوقات کار 9 سے 5 تک برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ چترال کے حوالے سے موجودہ پیشرفت کے بعد اپر چترال کیلئے نئے ڈپٹی کمشنر، نئے ڈی پی او اور دیگر انتظامی افسران اور ملازمین کی تقرری عمل میں لائی جائے گی۔

نئے بننے والے ضلع اپر چترال میں مستوج، مورکہو اور تورکہو کی تحصیلیں شامل ہوں گی جبکہ لوئر چترال دروش، چترال اور لوٹ کہو کی تحصیلوں پر مشتمل ہوگا۔ یاد رہے کہ چترال کو 2 اضلاع میں تقسیم کرنے کی منظوری اور سوات میں نئے ضلع کے قیام کا اعلان سابق وزیراعلٰی پرویز خٹک کے دور میں کیا گیا تھا تاہم نامعلوم وجوہات کے باعث اس پر عملدرآمد میں تاخیر ہوگئی جبکہ اپر سوات کا اعلان تاحال عملدرآمد کا منتظر ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.