کراچی: آئی جی سندھ رفعت مختار نے کہا ہےکہ غیر قانونی طور پر رہنے والے رضاکارانہ طور پر چلے جائیں تو ٹھیک ورنہ انتہائی منظم کارروائیاں ہوں گی۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے آئی جی سندھ نے کہا کہ ان کی سربراہی میں موجود پولیس سیٹ اپ کو مختصر مدت کیلئے چنا گیا ہے جس کا مقصد الیکشن کرانا اور اس کے لیے پولنگ اسٹیشنوں اور عملے کو سازگار ماحول فراہم کرنا ہے۔
رفعت مختار کا کہنا تھا کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائم کے حوالے سے ہماری اولین کوشش یہ تھی کہ اسے قابو کیا جائے اور بڑھنے سے روکا جائے اگرچہ اسٹریٹ کرائم کم ہوا ہے مگر میں مطمئن نہیں ہوں، میرا اطمینان اس وقت ہوگا جب کراچی میں ایک بھی واردات نہیں ہوگی۔
غیر ملکیوں کی حوالے سے انہوں نے کہا کہ جو رضاکارانہ طور پر چلے جائیں گے ٹھیک ہے ورنہ ایکشن ہوگا، حکومت کی طرف سے واضح ہدایات آگئی ہیں اور انتہائی منظم کارروائیاں کی جائیں گی۔ آئی جی سندھ نے بتایا کہ صرف افغانی ہی نہیں بلکہ بنگالی، برمی اور دیگر قومیتوں کے لوگ بھی غیر قانونی طور پر رہ رہے ہیں۔