Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

قومی کرکٹ ٹیم ناقابل بھروسہ، غیر مستقل مزاج اور ففٹی ففٹی کے ٹیگز ہٹانے کیلئے تیار۔آسٹریلیا کے ساتھ آج دوسرے سیمی فائنل میں مقابلہ ہوگا۔

قومی کرکٹ ٹیم کی مجموعی کارکردگی آسٹریلیا سے بہترہے، ماہرین کرکٹ

دبئی(عمر سیالوی) قومی کرکٹ ٹیم ناقابل بھروسہ، غیر مستقل مزاج اور ففٹی ففٹی کے ٹیگز ہٹانے کیلئے تیار۔آسٹریلیا کے ساتھ آج دوسرے سیمی فائنل میں مقابلہ ہوگا۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021ء کے سیمی فائنل راؤنڈ کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے ۔ آج دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان کا مقابلہ آسٹریلیا کے ساتھ دبئی سٹیڈیم میں ہوگا۔ پاکستان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021ء میں پانچ مسلسل فتوحات کے ساتھ ناقابل شکست ٹیم ہے ۔آسٹریلیاکو رواں ٹورنامنٹ میں صرف انگلش ٹیم کے ہاتھوں ایک بار شکست ہوئی ۔

ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ریکارڈ میں پاکستان اور آسٹریلیا کی کارکردگی کا تقابلی جائزہ لیا جائے تو پاکستان اور آسٹریلیا نے مجموعی طو ر پر 23 میچز کھیلے ہیں جن میں پاکستان سے سے زیادہ 13میچز میں کامیاب قرار پایا جبکہ آسٹریلیا صرف 9میچز ہی جیت سکا۔ اس دوران ایک میچ بے نتیجہ بھی رہا ۔

ریکارڈ کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپس میں چھ مرتبہ دونوں ٹیمز کا آمنا سامنا ہوا، جن میں تین میچزمیں شاہینوں نے جبکہ تین میں آسٹریلیا کی ٹیم نے کامیابی سمیٹی ۔ اسی طرح ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنلز میں پاکستان اور آسٹریلیا کا مقابلہ صرف ایک مرتبہ2010ء میں ہوا جب آسٹریلین بلے باز مائیکل ہسی نے آخری اوور میں سعید اجمل کو تین چھکوں ، ایک چوکے کی مدد سے 23 رنز لگا کر اپنی ٹیم کی ہار کو جیت میں بدل دیا ۔ مگر فائنل میں آسٹریلیا کو انگلینڈ کے ہاتھوں شکست ہوگئی ۔

پاکستان کو آسٹریلیا نے 2010 کے سیمی فائنل میں شکست دی تھی
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2010کے سیمی فائنل میں مائیکل ہسی نے آخری اوور میں سعید اجمل کو 3 چھکے 1 چوکا لگا کر 23 رنز سکور کرکے کامیابی حاصل کرلی

آسٹریلیاآئی سی سی کے ٹی ٹوئنٹی کے علاوہ دیگر تمام فارمیٹس میں ٹائٹلز جیت چکا ہے ۔ دونوں ٹیموں کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپس کے سیمی فائنلز کھیلنے کا جائزہ لیں تو پاکستان 2007ء ، 2009ء ، 2010ء اور 2012ء کے بعد اب 2021ء میں پانچواں سیمی فائنل کھیلے گا جبکہ آسٹریلیا 2007ء ، 2010ء اور 2012 کے بعد اب 2021ء میں اپنی تاریخ چوتھا سیمی فائنل کھیلنے جارہا ہے ۔ کرکٹ ماہرین کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیاکی ٹیموں کی مجموعی کارکردگی کو دیکھیں تو اس وقت موجودہ کنڈشنز میں پاکستان فیورٹ قرار دی جارہی ہے ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.