Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

ملک میں کورونا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد ایک لاکھ 44 ہزار 478 تک جا پہنچی

عالمی وبا کورونا وائرس سے متاثر افراد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور پاکستان کو اس کے پھیلاؤ پر قابو پانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

ملک کی صورتحال کے حوالے سے گزشتہ روز وفاقی وزیر اسد عمر نے اس خدشے کا اظہار بھی کیا تھا کہ جولائی 2020 کے اواخر تک ملک میں کووڈ 19 کے کیسز کی تعداد 10 سے 12 لاکھ ہوسکتی ہے۔

آج 15 جون کی صبح تک پنجاب، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں مزید 2 ہزار 249 کیسز سامنے آنے کے بعد ملک میں اس وبا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد ایک لاکھ 44 ہزار 478 تک جا پہنچی ہے۔

کووڈ 19 کی صورتحال کی نگرانی کے لیے بنائے سرکاری ڈیش بورڈ کے اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں ایک ہزار 537، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 635، گلگت بلتستان میں 43 اور آزاد کشمیر میں مزید 34 کیسز سامنے آئے۔

اس کے علاوہ وائرس سے متاثرہ مزید 66 مریضوں کے زندگی کی بازی ہار جانے سے اب تک جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 2 ہزار 729 ہوگئی جبکہ اب تک 53 ہزار 735 افراد اس بیماری سے شفایاب ہونے میں کامیاب رہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب میں 62، اسلام آباد 3، آزاد کشمیر میں مزید ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی۔

پنجاب

ملکی سطح پر کورونا وائرس کی صورتحال پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ کے مطابق پنجاب میں کورونا وائرس کے ایک ہزار 537 نئے کیسز سامنے آئے یوں صوبے میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 54 ہزار ہزار 138 ہوگئی۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 635 افراد کووِڈ 19 کا شکار بنے جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد8 ہزار 569 تک جا پہنچی۔

آزاد کشمیر

پاکستان میں آزاد کشمیر اس وبا سے اب تک سب سے کم متاثر ہونے والا خطہ ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 34 افراد وائرس سے متاثر ہوئے جس سے یہاں مریضوں کی مجموعی تعداد 647ہوگئی۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں 43 افراد میں وائرس کی تشخیص ہونے کے بعد اس وبا کا شکار بننے والوں کی تعداد ایک ہزار 129 ہوگئی۔

صحتیاب افراد

ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید ایک ہزار 986 افراد اس بیماری سے چھٹکارا پا کر روبہ صحت ہوگئے۔جس کے بعد اب تک ملک میں مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 51 ہزار 735 سے بڑھ کر 53 ہزار 721تک پہنچ گئی۔

مجموعی صورتحال

اس وقت ایک لاکھ 44 ہزار 478 مصدقہ کیسز ہیں جس میں سے 2 ہزار 729 مریض انتقال کرچکے ہیں جبکہ 53 ہزار 721 صحتیاب ہوئے ہیں تو اس طرح 88 ہزار 28 فعال کیسز ہیں۔

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ صوبے سندھ اور پنجاب ہیں سندھ میں کووِڈ 19 کے 53 ہزار 805 کیسز جبکہ پنجاب میں 54 ہزار 138 ہیں۔ اسی طرح خیبرپختونخوا میں 18 ہزار 13 متاثرین ہیں جبکہ بلوچستان میں یہ تعداد 8 ہزار 177 تک پہنچ چکی ہے۔

اسلام آباد میں اب تک کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 8 ہزار 569 ہے جبکہ گلگت بلتستان میں ایک ہزار 129 اور آزاد کشمیر میں 647 لوگ اس وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.