Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

نواز شریف کے خلاف مجرمانہ سازش کا مقدمہ درج

مقدمہ پاکستان پینل کوڈ کی دفعات مجرمانہ سازش کے تحت درج کیا گیا

لاہور میں سابق وزیراعظم نواز شریف اور مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کے خلاف مجرمانہ سارش کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔مقدمہ ایک شہری بدر رشید کی جانب سے تھانہ شاہدرہ میں یکم اکتوبر کو درج کرایا گیا۔ مقدمہ پاکستان پینل کوڈ کی دفعات مجرمانہ سازش کے تحت درج کیا گیا، مقدمے میں 40 سے زائد ن لیگی رہنماؤں کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف نے لندن میں پاکستان کے مقتدر اداروں کو بدنام کرنے کے لیے اشتعال انگیز تقاریر کیں، مقدمے میں کہا گیا کہ نواز شریف کی تقاریر کا مقصد بھارتی افواج کا کشمیر پر قبضے کی کارروائیوں اور کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم سے توجہ ہٹانا ہے۔

ایف آئی آر میں کہا گیا کہ نواز شریف کی تقاریر کا مقصد اپنے دوست بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو بالواسطہ فائدہ پہنچانا ہے، نواز شریف کی تقاریر کا مقصد عالمی برادری میں پاکستان کی اعلیٰ عدالتوں اور مسلح افواج کو بدنام کرنا ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن صفدر کے خلاف بھی غداری کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

وفاقی وزیر برائے ہوابازی غلام سرور خان نے بھی نواز شریف کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عوامی دباؤ کے تحت نواز شریف کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرنے کا سوچ رہے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.