Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

وزیراعظم کی تعلیمی سرگرمیاں بحال کرنے کیلئے اقدامات کی ہدایت

اسلام آباد: کورونا وائرس بحران کے باعث تعلیمی نظام کو مزید تعطل سے بچانے کے لیے وزیراعظم عمران خان نے متعلقہ حکام کو صوبائی حکومتوں کی مشاورت سے ملک میں تعلیمی سرگرمیاں بحال کرنے کے لیے حکمت عملی تشکیل دینے کی ہدایت کردی۔

عالمی وبا کے دوران تعلیمی نظام کو پہنچنے والے نقصان کا جائزہ لینے کے لیے بلوائے گئے اجلاس میں وزیراعظم نے کہا کہ ’مستقبل میں تعلیم دینے کے عمل کے لیے صوبائی حکومتوں کے تعاون سے مشترکہ حکمت عملی تشکیل دی جائے‘۔اجلاس میں حکومت کے ملک میں یکساں نصاب متعارف کروانے کے منصوبے پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس رپورٹ ہونے کے بعد تمام تعلیمی ادارے 3 ماہ سے زائد عرصے سے بند ہیں۔

اجلاس میں وزیراعظم نے ملک میں یکساں نصاب متعارف کروانے کے سلسلے میں کوششوں کو تیز کرنے کی ہدایت کی کیوں کہ ’تعلیمی فرق‘ کا خاتمہ حکومت کی ترجیح ہے۔علاوہ ازیں حکام کو تعلیمی اداروں کو درپیش مالی مشکلات دور کرنے اور والدین کی جانب سے تعلیمی اداروں کے بندش کے دورن فیسوں کی ادائیگی پر تحفظات کے حوالے سے منصوبہ بندی تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی گئی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.