Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

پی ٹی آئی کی پی پی 7 میں دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) الیکشن کمیشن نے پی پی7کہوٹہ میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی تحریکِ انصاف کی درخواست مسترد کر دی۔
الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے امیدوار شبیر اعوان کی درخواست مسترد کردی ۔ قرار دیا کہ درخواست گزار ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی وجوہات بتانے میں ناکام رہا ہے۔اس سے کچھ دیر قبل الیکشن کمیشن نے کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
پی پی7راولپنڈی کے کیس کی لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ کے حکم پر آج الیکشن کمیشن میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 5رکنی بینچ نے سماعت کی۔
مسلم لیگ ن کے راجہ صغیر، پی ٹی آئی کے شبیر اعوان اور ریٹرننگ آفیسر پی پی 7الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔
پی ٹی آئی کے شبیر اعوان نے دوبارہ گنتی کی درخواست دے دی۔ شبیر اعوان کے وکیل نے کہا کہ درخواست گزار 49ووٹ سے ہارے ہیں۔ ہماری دوبارہ گنتی کی درخواست پر گنتی نہیں کرائی جا رہی۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں تو آپ کی جانب سے کوئی درخواست دائر نہیں کی گئی۔ کل شام 5بجے تک الیکشن کمیشن کے پاس کوئی درخواست نہیں آئی تھی۔ آپ نے ہائی کورٹ فیصلے کے بعد درخواست دائر کی ہے۔
انہوں نے سوال کیا کہ آپ نے الیکشن کمیشن پر الزام لگایا ہے کہ ہم آپ کی درخواست کو دیکھ نہیں رہے۔ بتائیں آپ کی درخواست کب آئی ہے؟
ای سی پی کے حکام نے کہا کہ ساڑھے 5بجے شبیر اعوان کے نمائندے درخواست لے کر آئے جو10 منٹ بعد واپس لے گئے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.