Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

کراچی: طوفانی بارش نے شہر کو ڈبو دیا، حادثات میں 25 افراد جاں بحق

ہر طرف تباہی کے مناظر، لوگوں کی املاک بہہ گئیں

کراچی میں موسلا دھار بارش کے بعد پانی کے ریلوں نے شہر کو ڈبو دیا، پانی کا بہاؤ اپنے ساتھ کنٹینر،کار، بسیں سب کھلونوں کی طرح بہا لے گیا، مختلف حادثات میں  25 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

کراچی کے علاقے جوہر موڑ کے قریب آسمانی بجلی گرنے سے رہائشی اپارٹمنٹ کی دیوار منہدم ہو گئی جس کے نتیجے میں بچوں اور خواتین سمیت 7 افراد جاں بحق ہو گئے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دیوار کے ملبے تلے مزید افراد دبے ہوئے ہیں، پولیس، کنٹونمنٹ بورڈ اور ریسکیو ادارے ملبہ ہٹانے کا کام کر رہے ہیں۔

کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن کے مطابق  آج کراچی میں دیواریں گرنے کے مختلف واقعات میں 15 افرادجاں بحق ہوئے ہیں جب کہ  پانی میں ڈوب کر 4افراد اور چھت گرنے کے حادثات میں 2افراد جاں بحق ہوئے ہیں، اس کے علاوہ کرنٹ لگنے اور موٹر سائیکل حادثےمیں ایک ایک شخص جاں بحق ہوا ہے۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ مون سون کے اس اسپیل میں اب تک کراچی میں25 افراد جاں  بحق ہوچکے ہیں۔

شہر میں پاک آرمی،نیوی اور سندھ رینجرز کے اہلکار   مختلف مقامات پر پانی میں پھنسے شہریوں کی مدد میں مصروف ہیں۔ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق کراچی میں سیلابی صورت حال سے نمٹنے کے لیےآرمی فلڈ ایمرجنسی کنٹرول سینٹر قائم کردیا گیا ہے جب کہ  گلبرگ، لیاقت آباد اور نیوکراچی میں میڈیکل کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔

شہر میں بارش کا نصف صدی کا ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا، رواں ماہ اب تک 442 ملی میٹر بارش ہوچکی ہے، 53 سال پہلے جولائی 1967 میں کراچی میں 429 ملی میٹر بارش ہوئی تھی۔

اس کے علاوہ کراچی میں 24گھنٹے میں سب سے زیادہ بارش کا ریکارڈ بھی  12 گھنٹے میں ٹوٹ گیا ہے،محکمہ موسمیات کے مطابق 26جولائی 1967 کو 24 گھنٹے میں سب سے زیادہ 211 ملی میٹر بارش ہوئی تھی اورکل صرف 12 گھنٹے میں 223 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ کلفٹن، پنجاب چورنگی، کے پی ٹی، مہران، ناظم آباد، لیاقت آباد اور ڈرگ روڈ انڈر پاسز میں پانی بھر گیا جس سے انڈرپاسز کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.