Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

سیالکوٹ سانحہ : سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج، دہشتگردی کی دفعات شامل

مولانا طارق جمیل کے بعد مفتی تقی عثمانی کا اہم بیان سامنے آ گیا

سیالکوٹ : تھانہ اگوکی میں سیالکوٹ واقعے کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج کرلیا گیا، مقدمے میں انسداد دہشت گردی،اقدام قتل کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ مقدمے میں قتل کی منصوبہ بندی، نعش کی بےحرمتی سمیت دیگردفعات بھی شامل ہیں، ایف آئی آرمیں800سے900نامعلوم ملزمان کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے ترجمان پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ سیالکوٹ واقعہ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے پولیس کے چھاپےاور آپریشن گزشتہ رات سے جاری ہے۔

پنجاب پولیس حکام کے مطابق سیالکوٹ میں رات سے 50 سے زائد مقامات پر پولیس پارٹیوں نے چھاپے مارے آئی جی راؤ سردار علی خان رات بھر آپریشن کی خود نگرانی کرتے رہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ زیرحراست ملزمان سے تفتیش جاری ہے جس سے دیگر ملزمان کی نشاندہی میں مدد مل رہی ہے، اس کے علاوہ سی سی ٹی وی فوٹیجز، ویڈیوز کی مدد سےملزمان کی شناخت اور تلاش جاری ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز سیالکوٹ کے علاقے وزیرآباد میں قائم فیکٹری کے غیرملکی منیجر پرانتھا کمار کو ملازمین نے وحشیانہ تشدد کرکے قتل کیا اور لاش کو کھینچ کر چوک تک لائے، جس کے بعد جنونی ہجوم میں شامل مشتعل افراد نے لاش کو نذر آتش کردیا۔

 مولانا طارق جمیل کے بعد شیخ الحدیث مفتی تقی عثمانی نے بھی سیالکوٹ میں غیر ملکی فیکٹری منیجر کے ساتھ پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ صدر مملکت، وزیراعظم عمران خان، وفاقی وزراء اور آرمی چیف سمیت ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے سیالکوٹ واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

گزشتہ روز نامور مبلغ مولانا طارق جمیل نے بھی سیالکوٹ واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ناموسِ رسالت ﷺ کی آڑ میں غیر ملکی کو زندہ جلا دینے کا واقعہ انتہائی افسوس ناک ہے۔ مولانا طارق جمیل نے ٹوئٹر پر جاری ایک بیان میں کہا تھا کہ محض الزام کی بنیاد پر قانون ہاتھ میں لینا اسلامی تعلیمات کے خلاف ہے۔

اب اس حوالے سے شیخ الحدیث مفتی تقی عثمانی کا ردعمل بھی سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ توہين رسالت ﷺ سنگین جرم ہے لیکن اس کے ارتکاب کے ثبوت بھی اتنے ہی مضبوط ہونے ضروری ہیں. مفتی تقی عثمانی کا کہنا ہے کہ کسی پر توہین رسالت ﷺ کا سنگین الزام لگاکر سزا دینے کا کوئی جواز نہیں ہے، سیالکوٹ واقعے نے مسلمانوں کی بھونڈی تصویر دکھا کر ملک و ملت کو بدنام کیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.