Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

وزیراعظم کا گوادر کے گھریلو صارفین کو سولر پینل فراہم کرنے کا اعلان

کوئٹہ(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے گوادر کے گھریلو صارفین کو سولر پینل فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سولر پینلز وفاقی حکومت کا گوادر کے لوگوں کو تحفہ ہوگا۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ گوادر میں بجلی کی فراہمی کیلئے فوری طور پر آف گرڈ نظام کا بھی جامع لائحہ عمل بنایا جائے ۔ جنوبی بلوچستان میں ٹرانسمیشن لائنز کے کام میں تیزی لا کے اسے رواں سال دسمبر میں مکمل کیا جائے۔
شہباز شریف نے کہا کہ متعلقہ محکمے یقینی بنائیں کہ طویل مدتی منصوبوں میں بھی وقت اور لاگت میں جس قدر ہو سکے کمی لائی جائے۔ حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ عوام کے پیسے کی بچت کرے ۔ اسکا صحیح استعمال یقینی بنائے۔
انہوں نے کہا کہ گوادر بندرگاہ کو دنیا کی جدید ترین بندرگاہ بنانے کیلئے بلاتعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ بلوچستان کے لوگوں کو سہولیات کی فراہمی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت بلوچستان میں بجلی کی ٹرانسمیشن لائنز پر پیش رفت کا جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزرا احسن اقبال، انجینئرخرم دستگیر، ڈی جی ایف ڈبلیو او میجر جنرل کمال اظفر اور متعلقہ اعلی حکام کی شرکت کی۔
اجلاس میں جیوانی، گوادر، پسنی، اورماڑا، پنجگور اور ایران کے درمیان بجلی کی ٹرانسمیشن لائنز کی تعمیر پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ٹرانسمیشن لائنز کے حوالے سے قلیل مدتی اور طویل مدتی منصوبوں کا اجرا کیا جا رہا ہے۔
حکام کو بتایا گیا کہ چھ ماہ کے اندر حکومت گوادر کو ایران سے مزید100میگاواٹ بجلی فراہم کر سکے گی۔ جس سے بجلی کی مجموعی فراہمی260میگاواٹ جبکہ کھپت236میگاواٹ ہوگی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.