Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

خاتون جج دھمکی کیس: عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ کی معطلی میں 24 مارچ تک توسیع

عمران خان کے فوکل پرسن حسان نیازی گرفتار

ڈسٹرکٹ  اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد  میں خاتون جج  زیبا چوہدری کو  دھمکی دینے کے کیس میں عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی معطلی میں 24 مارچ  تک توسیع ہوگئی۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کی عدالت میں خاتون جج زیبا چوہدری کو دھمکی دینے کے کیس کی سماعت کے لیے عمران خان کے جونیئر وکیل نے استدعا کی کہ سینئر وکیل لاہور سے آرہے ہیں سماعت میں وقفہ کیا جائے جس پر عدالتی عملے نے سماعت کے لیے 11 بجے کا وقت دے دیا۔

بعد ازاں سماعت کا وقت شروع ہوا تو دونوں طرف سے کوئی وکیل پیش نہیں ہوا اور  ایڈیشنل سیشن جج فیضان حیدرگیلانی کی رخصت کے باعث سماعت بغیر کارروائی ملتوی کردی گئی اور عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی معطلی میں 24 مارچ تک توسیع  ہوگئی۔ خیال رہےکہ گزشتہ سماعت پر ایڈیشنل سیشن جج فیضان حیدرگیلانی نے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری معطل کردیے تھے اور انہیں آج 20 مارچ تک متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔

دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے فوکل پرسن حسان نیازی کو انسداد دہشتگردی کی عدالت کے باہر سے گرفتار کیا۔ حسان نیازی ہفتے کے روز عمران خان کی جوڈیشل کمپلیکس میں پیشی کے دوران پی ٹی آئی رہنماؤں کے ہمراہ موجود تھے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی پیشی کے موقع پر جوڈیشل کمپلیکس کے باہر شدید ہنگامہ آرائی ہوئی جس میں کئی گاڑیاں نذر آتش کردی گئیں جب کہ عدالت کے باہر پی ٹی آئی کارکنان نے ہنگامہ کیا۔

ایف آئی آر کے مطابق جوڈیشل کمپلیکس کا مین گیٹ اور شیشے توڑے گئے، جلاؤ گھیراؤ، پتھراؤ اور جوڈیشل کمپلیکس کی عمارت کی چیزیں توڑنے والے ملزمان گرفتار کیےگئے، پولیس کی 2 گاڑیوں،7 موٹر سائیکلوں کو جلایا گیا، ایس ایچ او گولڑہ کی سرکاری گاڑی کو نقصان پہنچایا گیا۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.