مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف 4 سال بعد وطن واپس پہنچ گئے۔ سابق وزیراعظم نواز شریف طیارہ اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر لینڈ کرگیا جس کے بعد وہ طیارے سے باہر آگئے۔ اسحاق ڈار اور اعظم نذیر تارڑ پارٹی قائد کا استقبال کرنے اسلام آباد ائیرپورٹ پہنچے جب کہ سابق وزیراعظم کی وطن واپسی کے موقع پر ان کی قانونی ٹیم اسلام آباد ائیرپورٹ پر موجود تھی۔
اسلام آباد ائیرپورٹ پر نواز شریف کی امیگریشن کا عمل مکمل کیا گیا جہاں ان کے پاسپورٹ پر پاکستان میں داخلےکی مہر لگائی گئی۔ ائیرپورٹ لاؤنج میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی مسلم لیگ (ن) کی قانونی ٹیم سے مشاورت کا عمل جاری ہے جس کے بعد نواز شریف واپس طیارے میں بیٹھ کر لاہور روانہ ہوں گے۔
آج شاید میری زندگی کا سب سے بڑا دن ہے: مریم نواز
سابق وزیراعظم اور اپنے والد کی وطن واپسی پر سوشل میڈیا پر جاری بیان میں مریم نواز نے کہا کہ ’میری زندگی کا شاید آج سب سے بڑا دن ہے، میں اللّہ ربّ العزت کی شکر گزار ہوں، جتنے دکھ اور تکالیف نواز شریف نے پچھلے 24 سالوں میں سہے، شاید ہی اس کی کوئی مثال ہو اور ان کے کچھ زخم ایسے ہیں جو کبھی نہیں بھر پائیں گے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’جتنے عروج بھی نواز شریف نے دیکھے وہ بھی شاید کسی اور کے حصے میں نہ آئے ہوں، پاکستان آج نواز شریف کا ایک اور عروج دیکھنے جا رہا ہے‘۔