آزاد کشمیر کے الیکشن کمیشن نے نامزد وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔واضح رہے کہ یہ وارنٹ توہین الیکشن کمیشن کے کیس میں جاری کئے گئے۔
الیکشن کمیشن آزاد کشمیر کے مطابق علی امین گنڈاپور مقدمہ میں پیش نہیں ہورہے، علی امین گنڈا پور کی جانب سے وکیل بھی پیش نہیں ہوئے، ڈپٹی کمشنرڈی آئی خان علی امین کو گرفتار کرکے 28 فروری کو پیش کریں۔پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈا پور کے خلاف درخواست وکیل راجہ ذوالقرنین نے 2021 کے الیکشن کے دوران دائر کی تھی۔
دوسری جانب لاہور پولیس نے بھی علی امین گنڈاپور سمیت عام انتخابات 2024 میں منتخب ہونے والے 9 مئی کے اشتہاریوں کی گرفتاری کےلیے حکمت عملی تشکیل دیدی۔ لاہور پولیس کو مطلوب علی امین گنڈا پور، اسلم اقبال اور امتیاز شیخ سمیت متعدد اشتہاریوں کی گرفتاری کے لئے جیو فینسنگ، موبائل ٹریکنگ اور آئی پی ایڈریس ٹریک کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا۔
سانحہ 9 مئی کے پرتشدد واقعات کے تحقیقات کےلیے قائم جےآئی ٹی کا کہنا ہے کہ انتخابات میں سیٹ حاصل کرنے والے اشتہاریوں کی گرفتاری قانون کے مطابق ہوگی، ملزمان انتخابی مہم اور نتائج کے دوران مسلسل کارکنوں سے رابطے میں رہے۔
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے علی امین گنڈا پور کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نامزد کردیا ہے، 13 فروری کو اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں عمران خان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)، پیپلزپارٹی اور ایم کیوایم سےکوئی اتحادنہیں ہوگا، ان کے علاوہ تمام جماعتوں سے بات کرنے کی ہدایت کی ہے۔