ناک کی’نتھلی کا پیچ‘ پھیپھڑے میں جا پھنسا جس کے بعد آپریشن کے ذریعے اس پیچ کو باہر نکالا گیا۔
بھارت میں مقامی اسپتال کے ڈاکٹرز نے کامیاب سرجری کرکے خاتون کے پھیپھڑے میں پیوست ’نتھلی کی کیل‘ نکال دی جو کہ سانس کی نالی سے ہوتے ہوئے پھیپھڑوں میں جا کر پھنس چکی تھی۔یہ کہانی اس وقت سامنے آئی جب اس واقعے کے ایک ماہ بعد خاتون ڈاکٹر کے پاس علاج کرانے گئیں اور بتایا کہ ان کو مسلسل کھانسی اور سانس لینے میں تکلیف کے ساتھ نمونیا کی شکایت بھی ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق کلکتہ کی رہائشی ورشا ساہو نامی خاتون نے بتایا کہ پچھلے ماہ سے جب مجھے مسلسل کھانسی اور سانس لینے میں دشواری پیش آرہی تھی تو میں نے معالج کے مشورے سے ادویات کا استعمال شروع کیا لیکن مجھے کوئی افاقہ نہ ہوا۔
خاتون نے بتایا کہ پچھلے ماہ میں کسی سے بات کر رہی تھی اس دوران جب میں نے گہرا سانس لیا اور سانس اندر کھینچتے ہوئے مجھے پتہ ہی نہیں چلا کہ کب یہ نتھلی کی کیل سانس کی نالی میں چلی گئی۔35 سالہ ورشا ساہو کے مطابق حادثاتی طور پر ناک میں پہنی جانے والی نتھلی کا پیچ گلے میں چلا گیا تو ان کو شروع میں زیادہ پریشانی نہیں تھی، انہوں نے کہا کہ میرا خیال تھا کہ یہ معدے میں جاچکی ہے اور نظام ہاضمہ کے ذریعے جسم سے باہر نکل جائے گی لیکن ایسا نہیں ہوا۔
مجھے ایسا لگا یہ پیچ میرے پیٹ میں چلا گیا ہوگا لیکن یہ چھوٹی سی کیل پیٹ میں جانے کے بجائے پھیھڑے میں پھنس گئی اور مجھے کئی ہفتے تک سانس لینے میں تکلیف کا سامنا کرنا پڑا۔ورشا ساہو کا کامیاب آپریشن کرنے والے ڈاکٹر دیبراج جاش نے کہا کہ یہ ایک نہایت غیر معمولی قسم کا کیس تھا کیوں کہ گزشتہ دہائی میں صرف ایسے دو ہی کیسز سامنے آئے ہیں، کبھی کبھار ایسے مریض آتے ہیں کہ ان کے پھیپھڑے یا سانس کی نالی میں خشک میوہ جات کا کوئی دانہ پھنس جاتا ہے۔ڈاکٹر نے بتایا کہ ایسا زیادہ تر چھوٹے بچوں یا 80 سال سے بڑی عمر کے افراد کے ساتھ ہوتا ہے۔ 35 سال کی عمر کی خاتون مریضہ کے ساتھ ایسا ہونا نہایت ہی غیر معمولی بات ہے۔