نوجوان نے روبوٹ سے شادی کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
بھارت کی ریاست راجستھان سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان انجینئر نے روبوٹ سے شادی کرنے کا اعلان کر کے سب کو حیران کر دیا ہے۔سوریہ پرکاش سموتا نامی انجینئر ہندو رسومات کے تحت ’گیگا‘ نامی روبوٹ سے شادی کریں گے جس کی تیاری پر تقریباً 19 لاکھ روپے خرچ کیے جا چکے ہیں۔انجینئر کے مطابق روبوٹس نے بچپن سے ہی مجھے اپنی طرف متوجہ کر رکھا ہے اور میں مصنوعی ذہانت اور ہیومنائیڈ روبوٹس میں بہت گہری دلچسپی رکھتا ہوں۔سوریہ پرکاش مصنوعی ذہانت میں اپنا کیریئر بنانا چاہتے تھے لیکن ان کی فیملی چاہتی تھی کہ وہ ملک کی خدمت کریں۔ اسکول کی تعلیم کو مکمل کرنے کے بعد نوجوان نے آرمی میں بھرتی ہونے کیلیے خود کو تیار کیا اور آرمی کا امتحان بھی پاس کر لیا تھا۔
تاہم روبوٹس میں نوجوان کی دلچسپی کو دیکھ کر انہیں فیملی نے اپنے پسندیدہ کیریئر کو پورا کرنے کی اجازت دے دی۔ نوجوان نے بی ٹیک کورس میں داخلہ لیا اور اجمیر گورنمنٹ کالج سے اپنی انجینئرنگ مکمل کی۔گیگا کے ساتھ شادی کے بارے میں سوریہ پرکاش نے کہا کہ میری پوری فیملی تقریب میں شرکت کرے گی، جب میں نے والدین کو پہلی بار اس شادی کے بارے میں بتایا تھا تو ان کوجھٹکا لگا تھا لیکن بعد میں ان کو میں راضی کرنے میں کامیاب ہوگیا۔
انجینئر کے مطابق گیگا مسلسل آٹھ گھنٹے کام کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، وہ ہر قسم کے گھریلو کام کر سکتی ہے جس میں پانی لانا، ہیلو کہنا، مہمانوں کا استقبال کرنا شامل ہے۔نوجوان نے بتایا کہ میں اب تک 400 سے زیادہ روبوٹکس پروجیکٹس پر کام کر چکا ہوں، ساتھ ہی کورونا وائرس کے دنوں میں روبوٹس کو استعمال کر کے والدین تک دوائی پہنچاتا تھا۔