پاکستان میں پولیو وائرس تیزی سے پھیلنے لگا ہے۔
ٹائپ 1 وائلڈ پولیو وائرس (WPV1) کا پتہ 18 مقامات سے پایا گیا ہے جن میں چار نئے اضلاع، بنوں، لکی مروت، صوابی اور سوات شامل ہیں۔نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (NIH) اسلام آباد میں پولیو کے خاتمے کے لیے ریجنل ریفرنس لیبارٹری نے اس تشخیص کی تصدیق کی ہے۔اس سے 2024 میں متاثرہ اضلاع کی کل تعداد 38 ہو گئی ہے۔بنوں میں، نمونہ 24 اپریل کو ہنجل-نور آباد سائٹ سے جمع کیا گیا تھا، جو اس سال ضلع کا پہلا مثبت نمونہ ہے۔ یہ وائرس YB3A کلسٹر ہے اور 99.77pc جینیاتی طور پر یکم اپریل کو پشین میں پائے جانے والے وائرس سے منسلک ہے۔
لکی مروت میں، نمونہ 22 اپریل کو ٹیوب ویل گلی کے نمونے جمع کرنے کی سائٹ سے جمع کیا گیا تھا۔ اس سال ضلع لکی مروت سے یہ پہلا مثبت نمونہ ہے۔صوابی میں یہ نمونہ 18 اپریل کو شاہ منصور اور کالا پل بدرے سائٹ میں جمع کیا گیا تھا۔سوات میں 25 اپریل کو سیدو شریف سے نمونہ لیا گیا تھا۔ یہ وائرس 99.77 فیصد ہے جو 18 اپریل کو صوابی میں پائے جانے والے وائرس سے منسلک ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے گزشتہ جمعہ کو اس امید کا اظہار کیا کہ حکومت عالمی شراکت داروں اور قومی اداروں کے ساتھ مل کر بہت جلد پاکستان سے پولیو کا خاتمہ کرنے میں کامیاب ہو جائے گے۔وزیراعظم نے پولیو کے خاتمے کے اقدام (جی پی ای آئی) کے ایک وفد سے ملاقات کی جس کی قیادت پولیو نگرانی بورڈ کے سربراہ اور بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے گلوبل ڈویلپمنٹ ڈویژن کے صدر ڈاکٹر کرسٹوفر الیاس کررہے تھے، انہوں نےکہا کہ حکومت ملک کو پولیو سے پاک کرنے کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔وزیراعظم نے وزارت اطلاعات و نشریات کو ہدایت کی کہ وہ جی پی ای آئی کے ساتھ مل کر ایک مشترکہ آگاہی مہم شروع کرے۔