راولپنڈی کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی عبوری ضمانت میں 28 مئی تک توسیع کر دی۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے جلاؤ گھیراؤ اور سرکاری معاملات میں مداخلت کے مقدمے میں علی امین گنڈا پور کی عبوری ضمانت کی درخواست کی سماعت کی۔ وزیراعلیٰ کے پی کی جانب سے ایڈووکیٹ محمد فیصل ملک پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران کے پی کے وزیراعلیٰ گنڈا پور کی جانب سے عدالتی کارروائی میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست جمع کرائی گئی جسے عدالت نے قبول کرلیا۔
گنڈا پور نے یہ درخواست سرکاری امور میں مصروف ہونے کی وجہ سے کی تھی۔ بعد ازاں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے وزیراعلیٰ گنڈا پور کی عبوری ضمانت میں 28 مئی تک توسیع کردی۔
یاد رہے کہ گنڈا پور کے خلاف تھانہ نصیر آباد میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔