کرغزستان سے پی آئی اے کی پہلی پرواز سندھ کے 205 طلباء کے ساتھ کراچی ایئرپورٹ پر اتر گئی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے خود کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں پھنسے ہوئے طلبہ کا کراچی ایئرپورٹ پر استقبال کیا ہے۔وزیراعلیٰ کے مطابق بشکیک سے طلباء کی واپسی کے حوالے سے سندھ حکومت رابطے میں ہے۔ایئرپورٹ پر طلباء کے والدین اور رشتہ دار بھی موجود تھے۔
مراد علی شاہ کے مطابق صوبائی حکومت نے طلباء کے سفر اور بحفاظت واپسی کے تمام انتظامات کیے ہیں۔سندھ کے وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ آج بشکیک سے 55 لڑکیاں اور 150 لڑکے واپس آئے ہیں۔ مزید انہوں نے کہا ہے کہ ننانوے طلباء کا تعلق کراچی سے ہے۔ایئرپورٹ پر طلباء کے لیے خصوصی کاؤنٹر قائم کیے گئے تھے۔ اس موقع پر ایئرپورٹ منیجر اور دیگر حکام بھی طلباء کے استقبال کے لیے ایئرپورٹ پر موجود تھے۔
وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ حکومت سندھ والدین اور بشکیک میں پاکستانی سفارتخانے سے رابطے میں ہے۔واپس آنے والے طلباء نے وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔اس کے ساتھ ہی پی آئی اے کرغزستان میں پھنسے طلباء کی واپسی کے لیے بشکیک سے لاہور، اسلام آباد، پشاور اور ملتان کے لیے پروازیں چلا رہی ہے۔