پشاور ہائی کورٹ نے پولیس کو واضح حکم دے دیا ہے کہ افغان موسیقاروں کو آئندہ سماعت تک ہراساں نہ کیا جائے۔
پشاور ہائی کورٹ میں افغان فنکاروں کی درخواست پر کیس کی سماعت کی گئی۔ پشاورہائی کورٹ میں جسٹس اعجازانور پرمشتمل دو رکنی بنچ نے سماعت کی۔جس پر جسٹس اعجاز انور نے استفسار کیا ہے کہ ان کا کیس کیا ہے، اور کیا چاہتے ہیں؟ آپ کو افغانستان میں کوئی مسلہ ہے؟ کیا آپ پاسپورٹ ویزہ پرآئے ہیں؟ کیا آپ نے وفاقی حکومت سے اس معاملے پر بات کی ہے۔
جس پر وکیل درخواست گزار نے عدالت کو بتایا ہے کہ موسیقار افغانستان سے آئے ہیں اس لئے ہماری استدعا ہےکہ ان کو پاکستان سے نہ نکالا جائے۔ وہاں پر ان کی جانوں کو خطرہ ہے اس لئے یہاں پر آئے ہیں انھوں نے یواین ایچ سی آرمیں اپلائی کیا ہے، اور ان کا کیس وہاں پر زیرالتوا ہے۔جس پر پولیس کو عدالت نے افغان موسیقاروں کو آئندہ سماعت تک ہراساں نہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے ایڈوکیٹ عامرجاوید کو عدالتی معاون مقرر کرتے ہوئے کیس کی سماعت کو ملتوی کردیا ہے۔