پشاور (تحسین اللہ تاثیر) خیبرپختونخوا ایمپلائز سوشل سیکیورٹی انسٹی ٹیوشن میں بے ضابطگیاں سامنے آئی ہیں۔ سرکاری دستاویزات سے معلوم ہوا ہے کہ خیبر پختونخوا کے ایک ہی ضلع میں متعدد اسسٹنٹ ڈائریکٹرز مقرر کیے گئے ہیں، جو کہ قائم کردہ قواعد کے برعکس ہیں۔
قوائد و ضوابط کے مطابق ہر ضلع میں صرف ایک اسسٹنٹ ڈائریکٹر تعینات کیا جاسکتا ہے جبکہ دستاویزات میں انکشاف ہوا ہے کہ حیات آباد انڈسٹریل سٹیٹ میں دو اسسٹنٹ ڈائریکٹرز محمد اسرار اور مدثر احمد تعینات کیا گیا ہے۔ اسی طرح ہری پور کے حطار انڈسٹریل اسٹیٹ میں بھی دو اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کو تعینات کئے گئے ہیں۔
دستاوزیر کے مطابق ادارے میں ڈائریکٹر کی پوسٹ پر سینئر آفیسر کو نظر انداز کرکے ایک کم سینئر افسر کو ڈائریکٹر ایڈمن کی اضافی ذمہ داریاں بھی سونپی گئیں۔
ایمپلائز سوشل سیکیورٹی انسٹی ٹیوشن کے وائس کمشنر خورشید عالم نے ان اقدامات کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ تعیناتیوں میں بے ضابطگیاں نہیں ہوئیں، بلکہ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان اضلاع میں آپریشنل ضروریات کے مطابق ایڈیشنل اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کی تقرری ضروری تھی۔ انہوں نے ایک جونیئر افسر کو انتظامی فرائض کی تفویض کو بھی درست قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے فیصلے ادارے کے کمشنر کے دائرہ کار میں آتے ہیں۔