اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے،فیصلہ حکومتی اتحادیوں کے ساتھ مشاورت کے بعد کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی پر پابندی کیلئے آرٹیکل 6 لگانے کا ریفرنس سپریم کورٹ کو بھیجا جائے گا۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا حکومت نے فیصلہ کیا ہے سابق صدر عارف علوی، بانی پی ٹی آئی اور سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کے خلاف آرٹیکل 6 کا کیس چلایا جائے، ان تینوں اشخاص کے خلاف وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد یہ ریفرنس سپریم کورٹ کو بھجوایا جائے گا۔
انھوں نے کہا کہ ملک کے ساتھ بہت کھلواڑ ہو چکا ،اب کہنا چاہتے ہیں کہ نو مور۔اس ملک کو آگے جانا ہے تو پاکستان اور پی ٹی آئی ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔
عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی بدترین لیڈر ہے اس نے بہن بیٹیوں کو جیلوں میں ڈالنے کی روایات ڈالی ہیں، وزیر اعظم شہباز شریف نے ایوان میں کہا ہم میثاق معیشت کرنے کو تیار کریں، ہماری دانشمندی کو ہماری کمزوری سمجھا گیا۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ کیا فیصلہ ہو چکا کہ آئین جو مرضی کہے ایک پارٹی کو وہ دیا جائے گا جس کا اسے حق ہی نہیں۔مخصوص نشستوں کے فیصلے کے خلاف نظر ثانی کی درخواست دائر کی جائے گی۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کو خط لکھنا پی ٹی آئی کے ملک دشمن ایجنڈے کا حصہ تھا۔
انھوں نے کہا کہ گزشتہ چند روز سے ملک میں ہیجانی کیفیت پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، سات خون معاف کے نام سے ایک فلمی ٹریلر چلایا جارہا ہے، بتایا جارہا ہے کہ ہم ان ٹچ ایبل ہیں۔