اسلام آباد میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، عمر ایوب، شبلی فراز اور دیگر نے حکومتی فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ سراسر سپریم کورٹ کی توہین ہے کیوں کہ عدالت نے ہمیں ریلیف دیا ہے، اور کہا ہے کہ یہ پی ٹی آئی کا حق ہے جو انہیں ملا ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ڈی ایم کی حکومت ہماری نشستوں سے توجہ ہٹانے کے لیے ایسے بیانات دے رہی ہے،ن لیگ کے ترجمان کو یہ نہیں پتہ کہ ہمارے اوپر فارن فنڈنگ اور دیگر کیسز اب ہے ہی نہیں۔
اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں پی ٹی آئی کو ایک پارٹی قراردیا ہے، سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ایک سیاسی پارٹی تھی اور ہے، آج جو پریس کانفرنس ہوئی ہے وہ حکومت کی خواہشات ہوسکتی ہیں، یہ جو فارم 47 سے بنی اقلیتی حکومت ہے۔
عمر ایوب نے مزید کہا کہ ہم پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ میدان میں آ کر صاف صاف کہیں کہ کیا وہ ن لیگ کے اس فیصلے کی حمایت کرتے ہیں؟ یہ انہیں صاف صاف بتانا پڑے گا۔
اپوزیشن لیڈر سینیٹ شبلی فراز نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اس ملک کی سب سے بڑی اور مشہور جماعت ہے ، کٹھ پتلی حکومت کے وزیر اطلاعات کی پریس کانفرنس دراصل چھوٹا منہ اور بڑی بات ہے، پی ٹی آئی پر پابندی عائد کرنا بچوں کا کھیل نہیں ہے۔
انھوں نے کہا کہ ہ جماعتیں ہمارا سیاسی مقابلہ نہیں کر سکتی آج کی پریس کانفرنس پالیٹیکل سیرنڈر تھا یہ ایسے ذہن کی عکاسی تھی جو بالکل ہار چکا ہو۔