شانگلہ: (تحسین اللہ تاثیر) تحیصل چکیسر کے گورنمنٹ ہائی سکول دنہ کول کے چار طلباء کلاس روم میں ٹک ٹاک ویڈیو بنانے پر سکول سے خارج کردئیے گئے۔
جماعت دہم کے چار طلباء کی ٹک ٹاک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس کے بعد سکول ہیڈماسٹر نے ایکشن لیا تھا۔
سکول ہیڈماسٹر نے چاروں طلباء کو سکول سے خارج کر دیا ، ان سے کتابیں بھی واپس لے لی گئیں اور ان کو بیڈ کریکٹر سرٹیفکیٹ تھما دیئے گئے۔
ٹک ٹاک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طلبا ایک پشتو گانے پر ڈانس کررہے ہیں۔
طلبا کو سکول سے نکالنے پر سول سوسائٹی نے سخت مذمت کی اور کہا ہے کہ ویڈیو میں ایسا کیا ہے جس پر بچوں کو سکول سے نکال دیا گیا ۔مقامی لوگوں نے محکمہ تعلیم سے متعلقہ سکول انتظامیہ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔