لاہور: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے ماڈل ٹاون میں وزیراعظم شہباز شریف سے اہم ملاقات کی ہے جس میں ملک کی سیاسی صورتحال اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا ۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم اور چیئرمین پیپلز پارٹی کے درمیان ملاقات میں 27 ویں آئینی ترمیم لانے پر اتفاق کیا گیا اور اس حوالے سے جمعیت علمائے اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمان کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ بھی کیا گیا ۔
اس دوران دونوں رہنماوں نے جمہوریت اور پارلیمنٹ کی مضبوطی کے لیے مل کر چلنے کے عزم کا اظہار بھی کیا ۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ 26ویں ترمیم کی منظوری کا کریڈٹ تمام اتحادی جماعتوں کو جاتا ہے، پہلے بھی عوامی خدمت سے پیچھے نہیں ہٹے اور نہ ہی اب پیچھے ہٹیں گے، ملکی معاشی اعشاریہ مثبت ہونے سے مہنگائی میں واضح کمی ہوتی نظر آ رہی ہے۔
ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ جمہوریت اور پارلیمنٹ کی مضبوطی کے لیے مل کر چلیں گے، غیر جمہوری طاقتوں کا راستہ روکنے کے لیے 26ویں آئینی ترمیم کارگر ثابت ہوگی۔
اس موقع پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف ، وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ اور سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق بھی موجود تھے۔