پشاور: سپیکر بابر سلیم سواتی کی زیر صدارت خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں مشترکہ قرارداد پی ٹی آئی کے عبدالغنی اور جے یو آئی کے عدنان وزیر نے پیش کی۔
صوبائی اسمبلی نے وادی تیراہ اور بنوں میں ممکنہ فوجی آپریشن کے خلاف قرارداد منظور کرلی۔
قرارداد کے متن کے مطابق آپریشن کسی مسئلے کا حل نہیں کیونکہ اس سے پہلے بھی کئی آپریشن ہو چکے ہیں، مذاکرات کے ذریعے پائیدار حل تلاش کیا جائے۔
مشترکہ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ قبائلی ضلع خیبر کے علاقے وادی تیراہ اور بنوں کے علاقے جانی خیل میں آپریشن سے گریز کیا جائے، اس سردی میں نقل مکانی سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر احمد کنڈی نے اظہار خیال کرتے ہوئے ایوان کو بتایا کہ آپریشن کسی بھی مسئلے حل نہیں طاقت کا استعمال چیزوں کو توڑتی ہے،آپریشن سے کیا مطلوبہ نتائج برآمد ہورہے ہیں،جسکے لئے کیا جارہا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ وہ کون لوگ تھے جو مسلح لوگوں کو واپس لائے، مل کر ہم نے اپنی صفوں کے اندر ان لوگوں کو نکالنا ہے، اگر آپ نہیں کرینگے کل کو کوئی اور آپکے اوپر آجائیگا ۔