چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر سے بنگلہ دیش کی مسلح افواج کے پرنسپل اسٹاف افسر لیفٹیننٹ جنرل ایس ایم قمرالحسن نے ملاقات کی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق بنگلہ دیشی مسلح افواج کے پرنسپل اسٹاف افسر لیفٹیننٹ جنرل ایس ایم قمرالحسن نے دورہ پاکستان کے دوران جنرل ہیڈ کوارٹر راولپنڈی میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات کی ہے جس کے دوران خطے میں سیکیورٹی کی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں ممالک کو پائیدار شراکت داری کو بیرونی اثرات سے محفوظ رکھنے پر زور دیا گیا اور آرمی چیف نے خطے میں امن واستحکام کو فروغ دینے کیلئے مشترکہ کوششوں کی اہمیت کا اعادہ کیا۔ جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک باہمی تعاون پر مبنی دفاعی اقدامات کے ذریعے علاقائی سلامتی میں تعاون جاری رکھیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل قمرالحسن نے پاک فوج کی غیرمعمولی پیشہ وارانہ مہارت کی تعریف کی اور دہشتگردی کے خلاف انتھک جنگ میں مسلح افواج کی بے پناہ قربانیوں کا اعتراف کیا۔