اسلام آباد میں وکلا کے احتجاج کے پیش نظر راستوں کی بندش کی وجہ سے سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے ملٹری کورٹس کیس کی سماعت کل تک ملتوی کردی ۔
سپریم کورٹ میں جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 7 رکنی آئینی بینچ نے سماعت شروع کی، تو معاون وکیل رانا وقار نے عدالت کو آگاہ کیا کہ سپریم کورٹ آنے کے لیے صرف مارگلہ روڈ والا ایک ہی راستہ کھلا ہوا ہے، سلمان اکرم راجہ ٹریفک میں پھنسنے کے سبب نہیں پہنچ سکے ۔
جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ خواجہ حارث صاحب پہنچ گئے، آدھا گھنٹہ پہلے نکل آتے تو اس وقت سپریم کورٹ میں ہوتے، لگتا ہے وکلا چاہتے ہیں لوگ قید میں سڑتے رہیں ۔
واضح رہے کہ اسلام آباد میں وکلا کے احتجاج کے پیش نظر ریڈ زون کے گرد سیکیورٹی سخت کردی گئی تھی، اور ریڈ زون میں داخلے کے راستے محدود کر دیے گئے تھے ۔