کراچی میں کھیلے جا رہے فائنل میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور فخر زمان 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، اس کے بعد سعود شکیل 8 اور بابر اعظم 29 رنز بناکر پویلین لوٹے ۔
محمد رضوان اور سلمان نے ایک بار پھر ہاتھ دکھائے، رنز بڑھائے اور 88 رن کی شراکت لگائی تاہم کپتان 46 اور نائب کپتان 45 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ،طیب طاہر نے بھی 38 رنز بنائے لیکن بعد میں آنے والے بھی سکور کو 242 تک ہی پہنچا پائے ۔
پوری ٹیم آخری اوور میں 242 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، نیوزی لینڈ کے ول او رورکے نے چار، بریس ویل اور سینٹنر نے دو دو وکٹیں حاصل کیں ،مقررہ ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی بیٹنگ جاری ہے ۔
فائنل میچ میں پاکستان کے سٹار بیٹر بابراعظم نے ون ڈے میچز میں 6 ہزار رنز بھی مکمل کئے ، بابراعظم نے 10 واں رن لے کر یہ سنگِ میل عبور کیا ۔
یوں اب بابر اعظم مشترکہ طور پر تیز ترین 6 ہزار رنز بنانے والے پلیئر بن گئے ہیں، انہوں نے 123 اننگز میں 6 ہزار رنز بنا کر ہاشم آملہ کا ریکارڈ برابر کیا ہے ۔
بابراعظم یہ کارنامہ انجام دینے والے تیز ترین ایشین بھی ہیں کیونکہ بھارت کے ویرات کوہلی نے 136 اننگز میں 6 ہزار رنز مکمل کیے تھے ۔
بابر اعظم 6 ہزار ون ڈے رنز بنانے والے 11 ویں پاکستانی بیٹر ہیں ،بابر اعظم سے قبل انضمام الحق، محمد یوسف، سعید انور، شاہد آفریدی، شعیب ملک، جاوید میانداد، یونس خان، سلیم ملک، محمد حفیظ اور اعجاز احمد بھی 6 ہزار ون ڈے رنز بنا چکے ہیں ۔