آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں گروپ مرحلے کے آخری میچ میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو 44 رنز سے شکست دے دی، بھارت کے 250رنز ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 205 رنز پر آوٹ ہو گئی ۔
دبئی انٹر نیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ نے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا،بھارت نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 249 رنز بنائے ۔
بھارت کے شری یاس ایئر نے سب سے زیادہ 79جبکہ اکثر پٹیل نے 42 رنز سکور کیے، شبھمن گل 2، روہت شرما 15 اور ویرات کوہلی 11 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے فاسٹ بولر میٹ ہنری نے شاندار بولنگ کی اور 42 رنز کے عوض پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔
250 رنز کے ہدف کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 46 ویں اوور میں205 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی ، کین ولیمسن 81 رنز بناکر نمایاں رہے ، مچل سینٹنر نے28، ول ینگ نے 22 اور ڈیرل مچل 17 رنز بنانے میں کامیاب رہے ۔
بھارت کی جانب سے ورون چکرورتی نے 42 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، کلدیپ یادو نے 2، ہاردک پانڈیا، اکشرپٹیل اور جدیجا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔
اس میچ کے بعد بھارت، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ چکی ہیں ۔
پہلے سیمی فائنل میں 4 مارچ کو بھارت کا مقابلہ آسٹریلیا سے دبئی میں جب کہ دوسرے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے 5 مارچ کو لاہور میں ہوگا ۔
میگا ایونٹ کا فائنل کس گراونڈ میں کھیلا جائے گا؟ اس کا فیصلہ سیمی فائنلز کے بعد کیا جائے گا ۔