ڈیرہ غازی خان پولیس نے خوارجی دہشت گردوں کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے سرحدی تھانہ جھنگی چیک پوسٹ پر حملہ ناکام بنا دیا۔ دہشت گردوں نے رات کی تاریکی میں مختلف اطراف سے حملہ کرتے ہوئے راکٹ لانچرز، جدید خودکار اسلحہ کا استعمال کیا۔ پولیس اہلکاروں نے زبردست جوابی فائرنگ کرکے حملہ ناکام بنا دیا۔
پنجاب پولیس نے کہا ہے کہ پولیس کے بہادر جوانوں نے کچے کے علاقے میں جرائم پیشہ عناصر اور ڈیرہ غازی خان میں خوارجی دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائی کی اور بڑا حملہ ناکام بنا دیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق کچے کے علاقے میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف رحیم یار خان پولیس نے بڑی کامیابی حاصل کی اور اس کے بعد پنجاب پولیس ڈیرہ غازی خان نے خوارجی دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائی کی اور سرحدی تھانہ وہوا کی جھنگی چیک پوسٹ پر خوارجی دہشت گردوں کا بڑا حملہ پسپا کر دیا۔
ترجمان نے بتایا کہ خوارجی دہشت گردوں نے تھانہ وہوا کی جھنگی پولیس چیک پوسٹ پر ایک بار پھر حملے کی کوشش کی اور 20 سے 25 دہشت گردوں نے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مختلف اطراف سے حملہ کیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق دہشت گردوں نے راکٹ لانچرز، جدید خود کار اسلحہ کا استعمال کیا تاہم چوکی پر تعینات پنجاب پولیس کے الرٹ اہلکاروں نے زبردست مزاحمت کی اور جوابی فائرنگ سے حملہ ناکام بنا دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس کی جوابی کارروائی سے دہشت گرد پسپا ہو کر فرار ہو گئے، پولیس کی جوابی کارروائی میں دہشت گردوں کو جانی نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ آر پی او ڈیرہ غازی خان سجاد منج نے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کی قیادت کی اور ڈی پی او ڈیرہ غازی خان سید علی بھی موقع پر موجود رہے۔ کارروائی کے بعد مفرور دہشت گردوں کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔